لاہور میں گھریلو جھگڑے کے دوران مبینہ تشدد، 43 سالہ خاتون جاں بحق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ میں گھریلو جھگڑے کے دوران مبینہ تشدد سے 43 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی، پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں شوہر کو گرفتار کرلیا۔

ایدھی ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 43 سالہ صائمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس کے مطابق صائمہ یکم اکتوبر سے میو ہسپتال میں زیر علاج تھیں، جہاں دورانِ علاج ان کی موت واقع ہوگئی۔ ابتدائی تحقیقات میں خاتون کی موت کی وجہ تشدد معلوم ہوئی ہے تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق خاتون پر تشدد کے شواہد ملنے کے بعد لواحقین کو قانونی کارروائی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا، جبکہ درخواست موصول ہونے پر ضابطے کے مطابق کارروائی شروع کردی گئی۔

پولیس نے گھریلو تشدد کے الزام میں خاتون کے شوہر زین العابدین کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے۔

خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button