مزید صوبے سسٹم کی ناکامی کا حل نہیں، اسلام آباد ناکام ہو چکا تو تھرپارکر کو موقع دیں، بلاول بھٹو

تھرپارکر(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر موجودہ نظام ناکام ہوچکا ہے تو مزید صوبے بنانے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے، اسلام آباد بھی ترقی کے لیے تھرپارکر سے سبق لے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد ناکام ہوچکا ہے تو اسے تھرپارکر والوں کے حوالے کر دینا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے تھرکول بلاک ٹو کے توسیعی منصوبے فیز تھری کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تھر کی ترقی نے پورے پاکستان کو حیران کردیا ہے، تاہم بعض سیاسی عناصر اس ترقی کو تسلیم کرنے کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ تھر کے بچے ایم ڈی کیٹ میں نمایاں پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں، جو علاقے میں تعلیمی ترقی کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیاب طلبہ کو مبارکباد دینے کے بجائے نفرت کی سیاست کی جاتی ہے، جبکہ اسلام آباد کو بھی تھرپارکر کی طرز پر ترقیاتی اقدامات پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں صیہونیت کی سیاست لانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی اور نفرت کی سیاست کا مقابلہ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق تھرپارکر کی ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر سسٹم ناکام ہے تو مزید صوبے بنانے کی منطق سمجھ نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ اسلام آباد بھی تھرپارکر کی طرح ترقی کرے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم ہوں۔



