ایرانی سفارت کاروں کی امریکا سے بے دخلی کا امریکی دعویٰ مسترد، عباس عراقچی کا ردعمل

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے اپنے سفارت کاروں کو امریکا سے نکالے جانے سے متعلق امریکی دعوے کو مسترد کردیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک تمام ایرانی سفارت کار طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکا سے روانہ ہوئے۔

عباس عراقچی نے امریکی دعوے کو ’’جعلی سفارت کارانہ بے دخلی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدام پر فخر کرنا کسی بھی ملک کے اعلیٰ سفارتی عہدیدار کے شایانِ شان نہیں۔ ان کے مطابق یہ دعویٰ مایوسی اور شکست کی عکاسی کرتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس نوعیت کا اقدام اقوام متحدہ کے میزبان ملک کی حیثیت سے امریکا کی ذمہ داریوں سے بھی مطابقت نہیں رکھتا۔

اس سے قبل امریکی میڈیا ادارے ایگزیوس نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی وفد کے دو ارکان کو جنرل اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے کئی روز بعد بھی نیویارک میں موجود رہنے پر امریکا سے نکال دیا گیا۔

امریکی عہدیدار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دونوں ایرانی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، تاہم ایران نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اپنے وفد کی روانگی کو معمول کے طے شدہ شیڈول کا حصہ قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button