منشیات کیس: انمول عرف پنکی پر فرد جرم عائد، ملزمہ کا صحت جرم سے انکار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سیشن عدالت نے منشیات کے مقدمے میں ملزمہ انمول عرف پنکی پر فرد جرم عائد کر دی، تاہم ملزمہ نے عائد کیے گئے الزامات سے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران انمول عرف پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمہ کو فرد جرم پڑھ کر سنائی اور استفسار کیا کہ پولیس کی جانب سے اس پر منشیات سے متعلق الزام عائد کیا گیا ہے، کیا وہ جرم قبول کرتی ہیں؟
ملزمہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے سامنے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالت نے مقدمے کے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ کارروائی کے لیے طلب کر لیا۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کا مقدمہ کراچی کے گزری تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں پولیس کی جانب سے عائد الزامات پر عدالت میں باقاعدہ کارروائی جاری ہے۔



