خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، امیر مقام

گلگت(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، صوبے کے حالات روز بروز خراب ہو رہے ہیں اور وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے۔

زاہد خان اور ثمر بلور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ ایک نکاتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ صوبے کے حالات کشیدہ ہیں جبکہ وزیراعلیٰ دھرنوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا گزشتہ دو ماہ سے کبھی لاہور اور کبھی سندھ میں گھوم رہے ہیں، جبکہ صوبے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی جاری ہے، صوبہ جل رہا ہے اور لوگ اپنے عزیزوں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور ہیں۔ دہشت گردی کے معاملے پر تمام سیاسی قوتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔

امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کے عروج پر ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہے اور اس وقت صوبہ لاوارث دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل اور مشکلات کا احساس کرے۔

گورنر راج کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ آئینی اختیار ضرور ہے لیکن سیاسی طور پر کوئی اچھا فیصلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھی نہیں چاہتی کہ معاملات آخری حد تک پہنچیں اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button