عالمی یوم اساتذہ: صدر اور وزیراعظم کا قوم کی تعمیر میں اساتذہ کے کردار کو خراج تحسین

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر قوم کی تعمیر، کردار سازی اور معیارِ تعلیم کی بہتری میں اساتذہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے معیاری تعلیم کے فروغ اور تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اساتذہ صرف علم کی منتقلی تک محدود نہیں بلکہ طلبہ میں جستجو اور تحقیق کا جذبہ اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت اور کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اساتذہ نوجوانوں میں وہ اقدار اور صلاحیتیں پروان چڑھاتے ہیں جو انہیں معاشرے کا ذمہ دار اور مفید شہری بننے میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی یوم اساتذہ کا اس سال کا موضوع اساتذہ کے ساتھ یکجہتی، ان کے پیشے کے تحفظ، مقام و حیثیت کے فروغ اور مستقبل کی تشکیل میں ان کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کرنے کے ساتھ انہیں بہتر پیشہ ورانہ معاونت اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ نوجوان نسل کی کردار سازی کرتے ہوئے قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں دانش سکولوں کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے ذریعے باصلاحیت اور ذہین طلبہ، بالخصوص معاشی طور پر کمزور خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ اور نوجوان نسل کی بہتر تربیت ناگزیر ہے، جس میں اساتذہ کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔



