امریکی استثنیٰ مل گیا،ایرانی ائیرلائنز کی نجف کیلئے پروازیں بحال

بغداد(جانوڈاٹ پی کے)امریکی استثنیٰ ملنے کے بعد ایرانی ائیرلائنز نے عراق کے شہر نجف کے لیے اپنی پروازیں بحال کردی ہیں، جس سے ایران سے نجف کے فضائی سفر کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا کی جانب سے عراق کو دی گئی خصوصی چھوٹ کے بعد امریکی پابندیوں کی زد میں موجود ایرانی فضائی کمپنیوں کو نجف کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔
پابندیوں میں استثنیٰ کے بعد پہلی پرواز ایرانی فضائی کمپنی کیسپین ایئرلائنز نے چلائی، جو مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 15 منٹ پر نجف ایئرپورٹ پر پہنچی۔
واضح رہے کہ عراقی حکومت نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ امریکا کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ماہان ایئر کے علاوہ دیگر ایرانی ائیرلائنز کو نجف کے لیے روزانہ مجموعی طور پر 40 پروازیں چلانے کی اجازت ہوگی۔



