مکہ دفاعی معاہدے میں ایران اور فلسطین کو شامل کیا جائے،حافظ نعیم الرحمان کابڑامطالبہ

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ مسلمانوں کے تحفظ کے لیے ہونے والے کسی بھی دفاعی معاہدے میں ایران، فلسطین اور دیگر اسلامی ممالک کو بھی شامل کیا جائے۔
کراچی میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کی غیر قانونی ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا، جبکہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے پوری امت مسلمہ کو اپنی جدوجہد مزید تیز کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام طویل عرصے سے ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں، تاہم جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری جاری رہی اور جنگ بندی کے دوران طے پانے والی باتوں پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دفاعی معاہدہ مسلمانوں کے تحفظ کے لیے ہے تو سب سے پہلے غزہ کے عوام کی حفاظت یقینی بنائی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق دفاعی معاہدے میں ایران، فلسطین اور دیگر اسلامی ممالک کو شامل کیا جانا چاہیے۔امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ 2.8 ارب ڈالر کے اسلحے کا معاہدہ کیا ہے جبکہ غزہ میں ہزاروں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ تقسیم اور انتشار امت مسلمہ کے مفاد میں نہیں، جہاں کہیں بھی مظلوم موجود ہیں، ان کے ساتھ کھڑا ہونا اور ظلم کی ہر شکل کے خلاف آواز بلند کرنا ضروری ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن فلسطینیوں کے لیے 10 ارب روپے سے زائد کی امداد بھجوا چکے ہیں جبکہ ’’بنو قابل‘‘ پروگرام بھی فلسطینی عوام کے لیے مختص کیا گیا ہے۔



