انجلینا جولی نے غزہ کی تباہی پر ایک بار پھر آواز بلند کردی

ہالی ووڈ (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ اداکارہ اور انسانی حقوق کی سرگرمیوں کے حوالے سے معروف انجلینا جولی نے ایک بار پھر غزہ میں جاری تباہی اور انسانی صورتحال کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرادی۔
انجلینا جولی نے غزہ کی تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے کئی پورے پورے محلے ملبے میں تبدیل ہوچکے ہیں۔
ان کے مطابق غزہ میں بڑی تعداد میں گھر، اسکول، اسپتال، سڑکیں اور بنیادی سہولیات تباہ ہوچکی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انجلینا جولی نے خبردار کیا کہ سرد موسم کی آمد سے قبل غزہ کے 94 فیصد لوگوں کو پناہ گاہ اور ضروری امدادی سامان کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ انجلینا جولی اس سے قبل بھی غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرچکی ہیں۔ اپنے ایک سابقہ بیان میں انہوں نے غزہ کو فلسطینیوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے لیے اجتماعی قبر قرار دیا تھا۔
ان کے اس بیان پر بعض اسرائیلی حلقوں اور یہودی گروہوں کی جانب سے شدید ردعمل بھی سامنے آیا تھا۔



