عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کا بوجھ ہزاروں ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے، علی پرویز ملک

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ ہزاروں ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اپنے وسائل اور استطاعت کے مطابق ہر ممکن اقدام بلا تاخیر کرے گی۔

مغلپورہ لاہور میں اپنے حلقہ انتخاب کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے کو لپیٹ میں لینے والی جنگ کے باعث صورتحال تشویشناک ہے، حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل احساس ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھائے گئے، جبکہ پٹرولیم قیمتوں کے تعین کا فارمولہ شفاف انداز میں عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ اگر کوئی حکومت اس فارمولے سے ہٹتی ہے تو عوام اس سے سوال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران حکومت نے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا اور عوام تک ریلیف کی منتقلی میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں کی جائے گی۔ وسائل کے بغیر مصنوعی ریلیف دینے کا نتیجہ 2022 میں سب کے سامنے آیا، جب ملک کو شدید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور عوام کے تحفظ کے لیے حکومت اپنی حیثیت اور دستیاب وسائل کے مطابق بھرپور کردار ادا کرے گی۔

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور ذمہ داری کے احساس کو ناگزیر قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button