پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی تیسری نشست کے لیے بیرسٹر گوہر متحرک

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، تاہم مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان متحرک ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان دو روز تک جاری رہنے والے مذاکرات گزشتہ روز کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئے تھے، تاہم بیرسٹر گوہر علی خان مذاکرات کا عمل جاری رکھنے کے لیے رابطے کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کی تیسری نشست کے انعقاد کے لیے مختلف رابطے جاری ہیں، جبکہ پارٹی کے متعدد سینئر رہنما بھی لانگ مارچ سے قبل مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے دوران خیبرپختونخوا حکومت نے 72 گھنٹوں میں تحریری معاہدہ اور عملدرآمدی منصوبہ جمع کرانے پر اتفاق کیا تھا۔
محسن نقوی کے مطابق مذاکرات میں خیبرپختونخوا حکومت تحریری معاہدے اور بہتر سکیورٹی پلان پر آمادہ ہوگئی تھی، تاہم آخری مرحلے میں صوبائی حکومت نے اپنے وعدوں سے انکار کردیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس وقت حالتِ جنگ میں ہے اور ایسے نازک حالات میں سکیورٹی کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔



