خلیج میں خطرے کی گھنٹی! امریکا نے سعودی تیل اور قطری گیس تنصیبات کا دفاع مضبوط کردیا

 واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکا نے سعودی عرب اور قطر میں مزید دو پیٹریاٹ میزائل دفاعی بیٹریاں تعینات کردی ہیں، جن کا مقصد دونوں خلیجی ممالک میں اہم تیل اور گیس تنصیبات کو ممکنہ حملوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کے مطابق دو امریکی حکام اور ایک علاقائی ذریعے نے بتایا کہ یہ تعیناتیاں ایران کے خلاف ممکنہ نئی امریکی فوجی کارروائی کے خدشات کے دوران کی گئی ہیں۔ ایک پیٹریاٹ بیٹری گزشتہ ماہ سعودی عرب بھیجی گئی، جہاں اسے ایک اہم تیل تنصیب کے دفاع کے لیے تعینات کیا گیا، جبکہ دوسری بیٹری قطر پہنچائی گئی ہے تاکہ قدرتی گیس کی اہم تنصیب کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کا ایک مقصد سعودی عرب اور قطر کو یہ یقین دہانی کرانا بھی ہے کہ اگر خطے میں بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوتی ہیں تو امریکا ان کے اہم توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ میں مدد کرے گا۔ایکسیوس کے مطابق سعودی اور قطری قیادت نے اس سے قبل ایران کے خلاف ممکنہ کارروائی پر تشویش ظاہر کی تھی، کیونکہ ایسی صورتحال میں ان کے تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے کو جوابی حملوں کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور واشنگٹن کی جانب سے خطے میں اضافی فوجی وسائل کی تعیناتی کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button