پاکستان کی ترقی سیاسی تبدیلیوں کی نذر نہیں ہونی چاہیے، عظمیٰ بخاری

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے، حکومتیں تبدیل ہوتی رہیں لیکن قومی وژن اور عوامی فلاح سے متعلق پالیسیوں میں تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واضح مؤقف ہے کہ ترقیاتی عمل کو سیاسی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کسی ایک صوبے، حکومت یا سیاسی جماعت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آج بنائی جانے والی پالیسی اگر کل محض سیاسی تبدیلی کی نذر ہوجائے تو ملک ترقی کی رفتار برقرار نہیں رکھ سکتا۔صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کو وقتی سیاسی ایجنڈوں کے بجائے مستقل قومی وژن اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، تاکہ عوامی فلاح اور ملکی ترقی کے منصوبے طویل المدتی بنیادوں پر جاری رہ سکیں۔



