رضوان کیس پر احتیاط سے گفتگو کی جائے، یونس خان نے ماضی کا واقعہ یاد دلا دیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے قومی کرکٹر محمد رضوان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور کرکٹر رضوان کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم این سی سی آئی اے کی تحقیقات مکمل ہونے تک معاملے پر محتاط گفتگو کی جانی چاہیے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ ماضی میں انہیں بھی اسی نوعیت کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ان کے معاملات تقریباً چار ماہ تک چلتے رہے تھے۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ کرکٹرز پاکستان کرکٹ بورڈ سے بڑے نہیں ہوسکتے، اس لیے ایسے معاملات میں گفتگو کرتے ہوئے احتیاط سے کام لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن اتھارٹی (این سی سی آئی اے) ایک معتبر ادارہ ہے اور محمد رضوان کو ادارے کے قانونی طریقہ کار پر عمل کرنا چاہیے۔ یونس خان نے واضح کیا کہ وہ کسی کے وکیل نہیں اور نہ ہی انہیں اس کیس کی تفصیلات کا علم ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ محمد رضوان سے متعلق معاملہ ایک آفیشل ٹور کے دوران پیش آیا، اس لیے جب تک تحقیقات کا نتیجہ سامنے نہیں آتا، اس معاملے پر بات کرتے ہوئے احتیاط ضروری ہے۔واضح رہے کہ محمد رضوان کو 2 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے این سی سی آئی اے لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ رضوان نے ادارے کو خط کے ذریعے پیشی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں نوٹس موصول ہوگیا ہے اور وہ مقررہ تاریخ کو انکوائری میں شامل ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button