پولیس اہلکاروں پر اختیارات سے تجاوز کا الزام، نجی شخص کو سی ڈی آرز دینے کا انکشاف

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر نجی افراد کو موبائل فون نمبرز کی سی ڈی آرز فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے، معاملے پر تھانہ گلشن اقبال میں دو پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گلشن اقبال آصف علی کی مدعیت میں ہیڈ کانسٹیبل امین اور تھانہ سبزہ زار میں تعینات کانسٹیبل خلیل احمد کے خلاف اختیارات سے تجاوز کی دفعہ 155-C کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کانسٹیبل خلیل احمد نے موبائل فون نمبرز کی سی ڈی آرز حاصل کرنے کے لیے ہیڈ کانسٹیبل امین کو نمبرز اپنے موبائل فون سے بھیجے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل امین نے مقدمہ نمبر 526/26 بجرم 489-F میں اشتہاری ملزمان کے نمبرز ظاہر کرکے انچارج انویسٹی گیشن اور تفتیشی افسر کے نام سے مبینہ طور پر خود دستخط کیے اور ایس پی سی آر او کو درخواست بھجوائی۔
ایف آئی آر کے مطابق سی ڈی آرز حاصل کرنے کے بعد ہیڈ کانسٹیبل امین نے مبینہ طور پر انہیں رقم کے عوض شعیب نامی نجی شخص کو فروخت کیا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل امین کا یہ مبینہ فعل محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بنا، جس پر دونوں اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔



