نیشنل پولیس اکیڈمی کی اپ گریڈیشن، محسن نقوی کا منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اکیڈمی میں جاری ترقیاتی اور اپ گریڈیشن منصوبوں کا جائزہ لیا اور زیرِ تربیت افسران کے لیے تیار کیے گئے ماڈل رومز کا بھی معائنہ کیا۔

دورے کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے مختلف اپ گریڈیشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

محسن نقوی نے کانفرنس روم اور آڈیٹوریم کی ازسرِنو تعمیر کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبے جامع منصوبہ بندی کے تحت مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر مملکت داخلہ نیشنل پولیس اکیڈمی کے اپ گریڈیشن منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے زیرِ تربیت پولیس افسران کو سواٹ ٹیموں کے طرز کے جدید تربیتی آلات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی، جبکہ مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے لیے ماہر اور بہترین فیکلٹی کی خدمات حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم سی) کے نصاب میں ڈیجیٹل پولیسنگ اور مصنوعی ذہانت سے متعلق جدید ماڈیولز شامل کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس افسران کی تربیت کو وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا پولیس فورس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔

دورے کے موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، سی ڈی اے کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button