نیتن یاہو کی میزبانی امارات کیلئے فائدہ مند نہیں ہوگی، محسن رضائی کی تنبیہ


تہران(ویب ڈیسک) ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے متحدہ عرب امارات کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی میزبانی پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اچھے نتائج نہیں ہوں گے۔
اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی بھی ملک کو سکیورٹی فراہم نہیں کرسکی، ایسے میں نیتن یاہو کی میزبانی بھی امارات کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوگی۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کو گزشتہ جنگ سے سبق سیکھنے اور جنگوں کو ہوا دینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ امارات کو ایرانی جزائر سے متعلق بے بنیاد دعوے جاری نہیں رکھنے چاہئیں۔
محسن رضائی نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ممالک کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو تنازعات کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔