پاکستان کا شاندار کم بیک، فلپائن کے خلاف 2-0 کا خسارہ ختم کرکے میچ 2-2 سے برابر

بانڈونگ (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان نے دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے فیفا آسیان کپ میں فلپائن کے خلاف میچ 2-2 سے برابر کردیا اور ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔

بانڈونگ، انڈونیشیا میں کھیلے گئے میچ میں علی اکبر خان نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا بین الاقوامی گول اسکور کیا، جبکہ عبدالصمد ارشد نے دوسرا گول کرکے قومی ٹیم کو برابری دلادی۔

یہ فیفا کے کسی مقابلے میں پاکستان کی پہلی شرکت ہے اور فلپائن کے خلاف میچ میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے دو گول بھی اسکور کیے۔

پاکستانی ٹیم کو گروپ بی کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم فلپائن کے خلاف قومی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کے خسارے کو ختم کیا اور ایک پوائنٹ حاصل کیا۔

فیفا عالمی رینکنگ میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستان کو 136ویں نمبر کی فلپائن ٹیم نے ابتدائی لمحات میں دباؤ میں رکھا۔ پاکستانی دفاع کو مسلسل حملوں اور کراسز کا سامنا کرنا پڑا، تاہم محب اللہ آفریدی اور گول کیپر یوسف بٹ نے اہم مواقع پر عمدہ دفاع کیا۔

فلپائن نے 24ویں منٹ میں برتری حاصل کی۔ محب اللہ نے گول لائن پر ہیڈر روکنے کی کوشش کی تو گیند کراس بار سے ٹکرا کر واپس آئی، جس پر سینڈرو ریز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچادی۔

پاکستان کو چند منٹ بعد برابری کا موقع ملا، علی اکبر خان فلپائن کے دفاع کو چیرتے ہوئے گول کی جانب بڑھے تاہم ان کی شاٹ پر فلپائن کے گول کیپر کیون رے مینڈوزا نے شاندار بچاؤ کیا۔

پہلے ہاف کے اختتام سے قبل فلپائن نے برتری دگنی کردی۔ محمد فضل کے اپنے پنالٹی ایریا میں ہاتھ سے گیند لگنے پر فلپائن کو پنالٹی ملی، جس پر بیورن کرسٹنسن نے گیند جال میں پہنچا کر اسکور 2-0 کردیا۔

تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان نے بھرپور کم بیک کیا اور علی اکبر خان اور عبدالصمد ارشد کے گولز کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا۔

مزید خبریں

Back to top button