پی آئی اے کیلئے حکومتی قرض یا ضمانت نہیں دی جارہی،مشیر وزیر خزانہ

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے واضح کیا ہے کہ حکومت نجکاری کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے لیے نہ تو طیارے خرید رہی ہے اور نہ ہی اس مقصد کے لیے حکومتی ضمانت یا ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے قرض دینے کا کوئی اعلان کیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں خرم شہزاد نے کہا کہ پی آئی اے اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک (EXIM Bank) کے حوالے سے حقائق واضح کرنا ضروری ہیں، کیونکہ گردش کرنے والے بعض تبصروں میں نجکاری اور برآمدی قرضہ فراہم کرنے والے ادارے کے کردار کو درست طور پر نہیں سمجھا گیا۔

مشیر وزیر خزانہ کے مطابق دنیا کے دیگر ایکسپورٹ امپورٹ بینکوں کی طرح امریکی EXIM Bank کا بنیادی مقصد امریکی برآمدات اور روزگار کو فروغ دینا ہے۔ بوئنگ طیارے امریکی برآمدات میں شامل ہیں اور امریکی EXIM Bank غیر ملکی خریداروں، بشمول فضائی کمپنیوں، کو مالی معاونت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی EXIM Bank کے فریم ورک میں اثاثوں کی بنیاد پر طیاروں کی فنانسنگ کی گنجائش موجود ہے، جبکہ طیارہ خود فنانسنگ کے لیے بطور سکیورٹی استعمال ہوسکتا ہے۔

خرم شہزاد نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی فنانسنگ کے لیے حکومتی ضمانت لازمی شرط نہیں، اس لیے پی آئی اے کی نجکاری کے بعد طیاروں کی خریداری سے متعلق حکومتی قرض یا ٹیکس دہندگان کے پیسوں کے استعمال کے تاثر کو درست سمجھنا ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button