ایشین گیمز جیولن تھرو فائنل کل، ارشد ندیم ایکشن میں ہوں گے

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے)ایشین گیمز میں جیولن تھرو کا فائنل کل ہوگا، جس میں پاکستان کے اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم اور یاسر سلطان سمیت 14 تھرورز میڈلز کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گے۔
ارشد ندیم کے ساتھ یاسر سلطان بھی جیولن تھرو فائنل میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جبکہ گولڈ میڈل کی دوڑ میں سری لنکا کے رمیش تھرانگا کو نمایاں امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
فائنل میں بھارتی ایتھلیٹس بھی توجہ کا مرکز ہوں گے، تاہم بھارتی اسٹار جیولن تھرور نیرج چوپڑا اس بار ایشین گیمز کا حصہ نہیں ہیں۔
ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ کے مطابق ارشد ندیم نے لاہور کے بعد جاپانی کنڈیشنز میں بھی بھرپور ٹریننگ کی ہے۔ ان کے مطابق ارشد مکمل طور پر فٹ ہیں اور بہترین فارم میں ہیں۔
پاکستانی شائقین کی نظریں اب جیولن تھرو کے فائنل پر مرکوز ہیں، جہاں ارشد ندیم اور یاسر سلطان پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کی کوشش کریں گے۔



