مبینہ زیادتی کیس،آذربائیجانی خاتون کادفعہ164کے تحت بیان کل ریکارڈ ہوگا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور کی کینٹ کچہری میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے خاتون کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرنے کے لیے اسے 28 ستمبر کو متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
پولیس کے مطابق غیر ملکی خاتون نے تھانہ ڈیفنس سی میں مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ خاتون کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ارم یوسف کے روبرو پیش کیا گیا۔عدالت نے خاتون کا بیان ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کرنے کے لیے اسے 28 ستمبر کو متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملک بھر میں عام تعطیل کے باعث آج ریمانڈ کے علاوہ کسی فائل پر سماعت نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو مقررہ تاریخ پر متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے۔دوسری جانب عدالت نے پولیس کو مقدمے میں نامزد ملزمان کی تلاش جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ عدالت کے مطابق ملزمان دستیاب ہونے کی صورت میں انہیں قانونی تقاضوں کے مطابق نوٹس جاری کیے جائیں۔



