مہنگی ایل پی جی نے رکشا ڈرائیورز کی روزانہ آمدن کا بڑا حصہ نگل لیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)مہنگائی کے بڑھتے دباؤ نے عوام کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیا، جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے نے رکشا ڈرائیورز کی پریشانیوں میں بھی مزید اضافہ کردیا ہے۔سرکاری طور پر ایل پی جی کی قیمت 258 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں یہ گیس 400 سے 460 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث محدود آمدن والے رکشا ڈرائیورز شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔رکشا ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ روزانہ کی محدود کمائی میں گھر کے اخراجات پورے کرنے کے ساتھ مہنگی ایل پی جی خریدنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے ان کی یومیہ بچت مزید کم ہو رہی ہے، جبکہ مسافروں سے کرایوں میں اضافہ کرنا بھی آسان نہیں۔شہریوں اور رکشا ڈرائیورز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنائی جائے اور مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔



