جنوبی افریقہ میں فائرنگ کے دو واقعات، 27 افراد ہلاک

جوہانسبرگ(ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے دو بڑے شہروں میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پہلا واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب مغربی علاقے میں ایک بار میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے موجود افراد پر رائفلوں اور پستول سے فائرنگ کردی۔ واقعے میں 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد مسلح ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جن کی تلاش جاری ہے، جبکہ حملے کے محرکات بھی تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
دوسرا واقعہ کیپ ٹاؤن میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک انٹرٹینمنٹ وینیو میں فائرنگ کردی۔ واقعے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوگئے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھی جنوبی افریقہ کے علاقے جنوبی ڈربن میں ایک گھر میں جاری پارٹی کے دوران فائرنگ کے واقعے میں حاملہ خاتون سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔



