مڈٹرم انتخابات کے بعد دوبارہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی ہوسکتی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں مڈٹرم انتخابات کے بعد دوبارہ فوجی کارروائی کے امکان کا عندیہ دیا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے سات روز میں آبنائے ہرمز کھولنے کی پیشکش بھی مسترد کردی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی تجویز کو ناقابل قبول قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز فوری طور پر کھولنے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم امریکا موجودہ پیشکش سے اتفاق نہیں کرتا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا کو آبنائے ہرمز پر پہلے ہی مکمل کنٹرول حاصل ہے اور وہاں سے تیل کی بڑی مقدار گزر رہی ہے۔ ان کے مطابق ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور امریکا بھی معاہدے کا خواہاں ہے، تاہم تہران کی موجودہ پیشکش قابل قبول نہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس سے قبل بتایا تھا کہ قطر کے ذریعے امریکا کو سات روزہ جنگ بندی کا منصوبہ پہنچایا گیا ہے۔
عباس عراقچی کے مطابق اگر امریکا اس منصوبے سے اتفاق کرتا ہے تو سات روز کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولی جا سکتی ہے۔



