پی ٹی آئی کا ماضی احتجاج اور ہنگامہ آرائی سے جڑا ہے، گورنر پنجاب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک اس وقت احتجاجی دھرنوں اور ہنگامہ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، تاہم پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا حق ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے پی ٹی آئی کے سابقہ احتجاجی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اداروں پر حملے، پی ٹی وی میں توڑ پھوڑ، پارلیمنٹ میں داخل ہونے اور مختلف مقامات پر ہنگامہ آرائی کے واقعات اس جماعت کے ماضی کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر احتجاج کے دوران کارکنوں کو قابو میں نہ رکھا جاسکے یا ایسے عناصر شامل ہوں جو عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہوں تو حکومت کے لیے سکیورٹی اقدامات کے تحت کنٹینرز لگانا اور بعض راستے بند کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے احتجاج کے دوران سکیورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکار بھی جاں بحق ہوئے، جو ریاست کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دے رہے تھے۔
سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے، جس کے باعث حکومت احتجاج کو روکنے کے لیے سکیورٹی انتظامات کرنے پر مجبور ہوتی ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اگر کنٹینرز ہٹا دیے جائیں تو اس بات کی ضمانت کون دے گا کہ احتجاج مکمل طور پر پرامن رہے گا، کیونکہ بعد میں کسی کے لیے اس کی ذمہ داری قبول کرنا مشکل ہوگا۔



