فیض آباد میں کئی روز سے بند ہوٹلز کھولنے کی اجازت، میٹرو اور بس سروسز بحال

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) دھرنے کی کال کے باعث راولپنڈی کے علاقے فیض آباد میں کئی روز سے بند ہوٹلز کھولنے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ میٹرو بس، گرین بس اور بلیو بس سروس بھی بحال کردی گئی۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں واقع ہوٹلز کو 2 اکتوبر تک کھولنے کی اجازت دی ہے۔ مری روڈ فیض آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات بدستور برقرار ہیں اور بعض مقامات پر کنٹینرز بھی موجود ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق فیض آباد کے تمام راستے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں اور آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ بس اڈے بھی کھلے رہے، تاہم بین الصوبائی ٹرانسپورٹ محدود رہنے کے باعث گزشتہ کئی روز کے دوران علاقے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔

ہوٹلز کی بندش اور ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث فیض آباد میں کاروباری سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور علاقہ نسبتاً ویران رہا۔ ہوٹلز کھولنے کی اجازت کے بعد کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی کے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہے، جبکہ میٹرو بس کے علاوہ گرین بس اور بلیو بس سروس بھی بحال کردی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button