بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا تابڑ توڑ ایکشن،فتنہ الہندوستان کے33دہشت گرد واصل جہنم

راولپنڈی(جانوڈاٹ  پی کے)بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 ستمبر سے اب تک بلوچستان میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 33 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج اور دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شبان کے دوران مزید 5 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جس کے بعد آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق آپریشن شبان کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن خطرہ مکمل طور پر ختم ہونے تک جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے مطابق بلوچستان میں 21 ستمبر سے جاری مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 33 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button