کراچی میں ’’فریڈم 250‘‘ کا بڑا استقبالیہ، پاک امریکا تعلقات پر اہم گفتگو

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی میں امریکی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے اور پاکستان امریکا دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے ’’فریڈم 250‘‘ کے عنوان سے استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں سندھ کے سرکاری و نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے بطور مہمان خصوصی جبکہ گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔

امریکی قونصل جنرل کراچی چارلس گڈمن نے حکومت، کاروباری شعبے، جامعات، سول سوسائٹی، میڈیا، سفارتی برادری اور امریکی تبادلہ پروگراموں کے سابق شرکا کا خیرمقدم کیا۔’’دی امریکن برانڈ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں امریکی جدت، کاروباری صلاحیت اور تخلیقی استعداد کو اجاگر کیا گیا، جبکہ امریکی آزادی کی 250ویں سالگرہ کے حوالے سے ’’فریڈم 250‘‘ مہم کے تحت دونوں ممالک کے تعلقات کو بھی نمایاں کیا گیا۔ امریکا نے 4 جولائی 2026 کو اپنی آزادی کی 250ویں سالگرہ منائی۔قونصل جنرل چارلس گڈمن نے کہا کہ دیرپا استحکام کی بنیاد معاشی خوشحالی پر ہوتی ہے اور کراچی میں امریکی قونصل خانے کی ٹیم سندھ اور بلوچستان میں معاشی امکانات کو بروئے کار لانے میں کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ امریکی حکومت پاکستان میں کام کرنے والی 80 سے زائد امریکی کمپنیوں کی حمایت کرتی ہے، جبکہ گزشتہ سال پاکستان اور امریکا کے درمیان اشیا اور خدمات کی تجارت 11 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں، عوامی روابط اور امن و استحکام کے لیے تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ نوجوان نسل کے لیے علم، تعلیم، تخلیقی صلاحیت اور ٹیکنالوجی مستقبل میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے امریکی جدت کو پاکستانی صلاحیتوں، امریکی جامعات کو پاکستانی طلبہ، امریکی کاروباری افراد کو پاکستانی کاروباری صلاحیتوں اور کراچی کو عالمی معیشت سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button