لاہور میں 13سالہ بچی بلیک میلنگ کا شکار،مبینہ نازیباویڈیو بنانے والا ملزم پکڑا گیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لیاقت آباد میں نوکری کا جھانسہ دے کر 13 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق متاثرہ بچی بہار کالونی میں ایک گھر میں کام کرتی تھی۔ ملزم نے مبینہ طور پر اسے زیادہ تنخواہ والی نوکری کا لالچ دیا اور بہلا پھسلا کر نامعلوم مقام پر واقع ایک گھر میں لے گیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے بچی کو مبینہ طور پر نشہ آور دوا دی اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر نازیبا ویڈیو بھی بنائی اور ویڈیو کے ذریعے بچی کو بلیک میل کرتا رہا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اویس کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے کیس جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے واقعات میں قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔



