پستہ ربڑی ملک

ربڑی کی تاریخ مغل دور سے جڑی ہوئی ہے، جہاں شاہی باورچی خانے میں دودھ کو گھنٹوں ہلکی آنچ پر پکا کر، اس کی تہوں سے ایک کریمی میٹھا تیار کیا جاتا تھا جو کہ مغل حکمرانوں اور نوابوں کی ضیافتوں کا لازمی حصہ ہوتا تھا۔
وقت کے ساتھ ساتھ اس روایتی پکوان میں کئی جدید تراکیب شامل کی گئیں، جن میں پستہ ربڑی ملک (Pista Rabri Milk) انتہائی مقبول ہے۔ اس شاہانہ مشروب میں روایتی ربڑی کی مٹھاس اور ملائمت کو تازہ دودھ اور خالص پستے کی خوشبو کے ساتھ اس طرح یکجا کیا جاتا ہے کہ یہ گرمیوں میں ٹھنڈا کر کے اور سردیوں میں گرما گرم پیش کیے جانے پر ایک لاجواب تواضع بن جاتی ہے۔
گھر پر پستہ ربڑی ملک بنانے کی آسان ترکیب
اجزاء:
دودھ (فل کریم): 1 لیٹر (اچھے رزلٹ کے لیے کھلا ہوا گاڑھا دودھ)
پستہ: آدھا کپ (باریک کٹا ہوا یا پیسٹ بنا ہوا)
چینی: 3 سے 4 کھانے کے چمچ (یا حسبِ ذائقہ)
سبز الائچی کا پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ
خالص زعفران: چند ریشے (ایک کھانے کے چمچ گرم دودھ میں بھگوئے ہوئے)
کھویا (ماوا): 2 کھانے کے چمچ (اگر مزید گاڑھا پن اور شاہی ذائقہ دینا ہو)
ڈرائی فروٹس: سجاوٹ کے لیے کٹے ہوئے بادام اور پستہ
بنانے کا طریقہ:
ایک کھلے منہ کی بھاری تہہ والی کڑاہی یا دیگچی میں دودھ ڈال کر پہلے تیز آنچ پر ابال لیں، پھر آنچ ہلکی کر دیں۔دودھ پر جب بھی ملائی (تہہ) آئے، اسے چمچ کی مدد سے کڑاہی کے کناروں کے ساتھ چپکاتے جائیں۔ کڑاہی میں تازہ دودھ ہلکا سا ہلاتے رہیں تاکہ نیچے نہ لگے۔
جب دودھ آدھا رہ جائے اور کڑاہی کے کناروں پر کافی سارے ملائی کے جمع ہو جائے، تو اس کو کھرچ کر واپس دودھ میں ملا دیں۔ اب اس میں چینی، سبز الائچی کا پاؤڈر، کٹا ہوا پستہ اور زعفران والا دودھ شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔
اگر آپ کو فوری اور زیادہ کریمی ٹیکسچر چاہیے تو اس مرحلے پر 2 کھانے کے چمچ کھویا بھی شامل کر سکتے ہیں۔ ہلکی آنچ پر مزید 5 سے 10 منٹ پکائیں یہاں تک کہ دودھ اچھا خاصا گاڑھا ہو جائے مگر پینے کے قابل (مشروب کی شکل میں) رہے۔
تیار شدہ پستہ ربڑی ملک کو آپ گرم یا فریج میں ٹھنڈا کر کے سروینگ گلاسز میں نکالیں۔ اوپر سے باریک کٹے ہوئے پستے اور بادام چھڑک کر مہمانوں کو پیش کریں۔



