مہنگائی نے پھر سر اٹھا لیا، ایک ہفتے میں شرح11.92فیصد تک پہنچ گئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ملک میں مہنگائی کا دباؤ ایک بار پھر بڑھنے لگا، ستمبر 2026 کے تیسرے ہفتے کے دوران مہنگائی میں ہفتہ وار بنیاد پر 0.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 10.64 فیصد سے بڑھ کر 11.92 فیصد ہوگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار حساس قیمتوں کے اشاریے کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ مہنگی، 10 سستی جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق بجلی کی قیمت میں سب سے نمایاں 18.76 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دال مسور 0.75 فیصد، دال چنا 0.34 فیصد اور لہسن 1.57 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 1.55 فیصد، واشنگ سوپ 0.59 فیصد، مٹن 0.31 فیصد، بیف 0.30 فیصد، چکن 0.72 فیصد، انڈے 2.02 فیصد، دودھ 0.14 فیصد، دہی 0.27 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 13.45 فیصد، آلو 8.33 فیصد، کیلے 5.66 فیصد اور پیاز 2.42 فیصد سستے ہوئے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.57 فیصد، نمک پاوڈر 0.90 فیصد، چینی 0.23 فیصد اور پیٹرول 0.34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر مختلف آمدنی والے طبقات میں بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا۔ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے میں مہنگائی کی شرح 9.69 فیصد، 17 ہزار 733 سے 22 ہزار 888 روپے تک آمدنی والے طبقے میں 11.37 فیصد اور 22 ہزار 889 سے 29 ہزار 517 روپے تک آمدنی والے طبقے میں 9.85 فیصد رہی۔
اسی طرح 29 ہزار 518 سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کے لیے سالانہ مہنگائی کی شرح 10.20 فیصد جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے یہ شرح 12.31 فیصد ریکارڈ کی گئی۔



