گولڈ میڈل کے جشن کے ساتھ میدان میں ہنگامہ، چلی اور وینزویلا کی کھلاڑی آمنے سامنے

 روزاریو (جانو ڈاٹ پی کے) 2026 ساؤتھ امریکن گیمز کے ویمنز انڈر 20 فٹبال فائنل میں وینزویلا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد چلی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا، تاہم میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان جھڑپ نے جشن کا رنگ پھیکا کردیا۔

فائنل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ دوسرے ہاف کے 49ویں منٹ میں چلی کی انتونیلا مارٹینیز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ چلی نے میچ کے اختتام تک یہ برتری برقرار رکھی، تاہم انجری ٹائم میں وینزویلا کو باکس کے اندر ہینڈ بال پر پنالٹی مل گئی۔

کارلا الفونزو نے 90ویں منٹ کے اضافی وقت میں پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا اور میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر چلا گیا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں وینزویلا نے 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ وینزویلا کی گول کیپر اور کپتان ویلریا ریبانالیس نے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے چلی کی دو پنالٹیز روکیں، جس کے بعد وینزویلا نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

تاہم آخری سیٹی کے فوراً بعد میدان میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ مختلف رپورٹس کے مطابق کوچنگ اسٹاف اور حکام نے مداخلت کرکے فریقین کو الگ کیا۔ وینزویلا نے مسلسل دوسری مرتبہ ساؤتھ امریکن گیمز کے ویمنز فٹبال مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button