27ستمبر سے پہلے بڑا سیاسی وار، مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی ویڈیو جاری کردی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے ماضی کے احتجاجی واقعات کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں پر ریاستی اداروں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کے الزامات عائد کردیئے۔مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو کے ساتھ اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مسلسل اپنے عہدے اور دفتر کی بے توقیری اور تضحیک کروا رہے ہیں۔ ان کے بقول 2014 میں ڈی چوک پر قبریں کھودنے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر حملوں کے واقعات سے وابستہ گروہ ایک مرتبہ پھر ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’اوئے آئی جی، اوئے ایس ایس پی، اوئے وزیراعظم‘‘ اور ’’میں تمہیں گھسیٹوں گا‘‘ جیسے نعروں والا گروہ دوبارہ احتجاج کی طرف آ رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں پر تشدد، ’’مار دو، جلا دو اور آگ لگا دو‘‘ جیسے نعروں کے ساتھ ریاستی اداروں کے خلاف کارروائیوں کی کوشش کی جا سکتی ہے۔


پنجاب کی سینئر وزیر نے پی ٹی آئی پر ’’فارن فنڈنگ‘‘ کے ذریعے پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والوں کا سہولت کار ہونے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ ان کے مطابق سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر ریاست کے خلاف دہشت گردی کی جاتی رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کو 2014 جیسا دھرنا اور 9 مئی جیسے واقعات نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ ان کا الزام تھا کہ احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز کو نشانہ بنانے، ایمبولینسز جلانے، آگ لگانے اور پولیس پر پٹرول بم برسانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے احتجاج سے عوام کے کاروبار، روزگار، نوجوانوں کی تعلیم اور مزدور کے روزگار کو نقصان پہنچتا ہے۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں پی ٹی آئی کے مجوزہ 27 ستمبر کے احتجاج کو ریاستی اداروں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے حکومت کے سخت مؤقف کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button