چمن سیکٹر میں افغان دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد طالبان ہلاک

کوئٹہ (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر چمن سیکٹر میں افغانستان سے دراندازی اور جارحیت کی کوشش ناکام بناتے ہوئے متعدد افغان طالبان کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان جانب سے چمن سیکٹر میں سرحدی علاقے پر جارحیت کی کوشش کی گئی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کی اور اشتعال انگیز فائرنگ کا مؤثر جواب دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹر اور مارٹر فائر کی مدد سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد طالبان ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی مؤثر کارروائی کے باعث افغان جانب سے کی جانے والی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز افغان سرزمین سے پاکستان کی حدود میں ہونے والی کسی بھی دراندازی کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
اس سے قبل گلستان سیکٹر میں بھی سرحدی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی جاچکی ہے۔



