اسکول کرکٹ میں فواد عالم کا دھماکہ، 146 گیندوں پر ناقابل شکست 253 رنز

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز سیزن ٹو ملک بھر کے 100 اضلاع میں جاری ہے، جس میں 1400 اسکولوں کے نوجوان کھلاڑی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان کرکٹر فواد عالم نے ٹورنامنٹ کے ابتدائی دو میچز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا دیے۔فواد عالم نے جی سی آئی ایس اسکول کی نمائندگی کرتے ہوئے ایف 11 اسکول کے خلاف میچ میں 146 گیندوں پر ناقابل شکست 253 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔نوجوان بلے باز نے دوسرے میچ میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور 165 رنز اسکور کیے۔اسکول کرکٹ کے ڈبل سنچری میکر فواد عالم کا کہنا ہے کہ وہ چیئرمین پی سی بی کے شکر گزار ہیں کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اسکول ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔فواد عالم نے کہا کہ وہ اسکول کرکٹ میں اپنی کارکردگی دکھا کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے۔پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز سیزن ٹو کے تحت ملک کے مختلف اضلاع میں نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔




