سادیو مانے کا بڑا کارنامہ،آبائی گاؤں میں20ملین ڈالر کا آموں کا منصوبہ شروع

 بامبالی (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی کلب النصر اور پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھی اور سینیگال کے معروف فٹبالر سادیو مانے نے اپنے آبائی گاؤں بامبالی میں تقریباً 20 ملین ڈالر کی لاگت سے آموں کی کاشت اور پراسیسنگ کا بڑا منصوبہ شروع کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ منصوبہ تقریباً 500 ایکڑ رقبے پر قائم کیا جائے گا، جہاں لگ بھگ 78 ہزار آم کے درخت لگائے جائیں گے۔ منصوبے کی پہلی فصل تقریباً تین سال بعد متوقع ہے۔

منصوبے سے ابتدائی طور پر ایک ہزار سے زائد براہِ راست ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ مستقبل میں روزگار کے مزید مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔

منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ آموں کو صرف خام حالت میں فروخت کرنے کے بجائے بامبالی میں قائم ہونے والی فیکٹریوں میں ان کی پراسیسنگ کی جائے گی۔ یہاں آم کا گودا، خشک آم اور مینگو بٹر تیار کیا جائے گا، جبکہ تازہ آموں کی برآمد کے لیے بھی خصوصی مرکز قائم کیا جائے گا۔

سادیو مانے کے مطابق سینیگال کے علاقے سیڈیو میں آموں کی تقریباً 30 سے 40 فیصد پیداوار مناسب ذخیرہ اور پراسیسنگ کی سہولیات نہ ہونے کے باعث ضائع ہوجاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد مقامی سطح پر آموں کو پراسیس کرکے ان کی قدر میں اضافہ کرنا اور مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

سادیو مانے اس سے قبل بھی اپنے آبائی علاقے میں اسکول، اسپتال، مسجد اور پٹرول اسٹیشن سمیت مختلف منصوبوں کے لیے مالی معاونت کرچکے ہیں، تاہم ان کے نئے منصوبے کا مقصد طویل مدت میں مقامی معیشت کو مضبوط بنانا اور مستقل آمدنی و روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

فٹبال کی دنیا میں کامیابی حاصل کرنے والے سادیو مانے کی جانب سے زرعی شعبے میں یہ بڑے پیمانے کی سرمایہ کاری مقامی سطح پر پیداوار، پراسیسنگ اور برآمدات کو فروغ دینے کے منصوبے کے طور پر سامنے آئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button