سعودی عرب نے حوثیوں کے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کردئیے

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب کی قیادت میں یمن کی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن میں سعودی سربراہی میں قائم اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے میزائل حملوں اور دیگر خلاف ورزیوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اتحادی افواج نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے 6 بیلسٹک میزائلوں کو کامیابی سے فضا میں ہی روک کر تباہ کردیے۔ جس سے سعودی شہروں کو نقصان پہنچانے کے ارادے کو خاک میں ملا دیا۔

جنرل ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ حوثیوں کے میزائلوں کا تباہ ملبہ میدان میں گرا جس کے باعث کہیں کوئی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

قبل ازیں میزائل حملوں کے خدشے کے پیش نظر سعودی سول ڈیفنس نے مختلف علاقوں میں مختصر مدت کے لیے خطرے کے الرٹس بھی جاری کیے تھے۔ ان علاقوں میں مقدس شہر مکہ مکرمہ، تبوک، جدہ، ینبع اور طائف شامل تھے۔

تاہم بعد میں سعودی شہری دفاع نے ان شہروں سے خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا تھا تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ احتیاط برتیں اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی اطلاع حکام دیں۔

یمن میں حوثیوں اور سعودی قیادت میں اتحادی افواج کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر رہی ہے، جبکہ خطے میں جاری وسیع تر تنازعات کے باعث سعودی عرب اور بحیرۂ احمر کے اطراف سکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button