سابق انگلش فٹبالر اینڈی کیرول کا جنسی حملے کی کوشش کا تہلکہ خیز انکشاف

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)سابق انگلش فٹبالر اینڈی کیرول نے انکشاف کیا ہے کہ 2021 میں ایک معروف مرد شخصیت نے مبینہ طور پر انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی، جسے انہوں نے اپنی زندگی کا ایک تلخ تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آج بھی اس کے اثرات سے نمٹ رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 37 سالہ اینڈی کیرول نے اپنی نئی کتاب ’’Owning It‘‘ میں واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں۔ سابق فٹبالر کا کہنا ہے کہ کتاب میں اس واقعے کو شامل کرنے کا فیصلہ انہوں نے آخری وقت میں اپنی گرل فرینڈ لو ٹیڈسڈیل سے طویل مشاورت کے بعد کیا۔
کیرول کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے آبائی کلب نیوکاسل یونائیٹڈ کا میچ دیکھنے کے بعد گھر واپس آئے۔ ان کی سابقہ ساتھی نے انہیں مشورہ دیا کہ ایک معروف دوست کو باکسنگ مقابلہ دیکھنے کے لیے گھر بلایا جائے اور اسے رات وہیں قیام کی اجازت دے دی جائے، جبکہ وہ خود گھر سے چلی جائیں گی۔
سابق فٹبالر نے بتایا کہ وہ مذکورہ شخص کو پہلے سے جانتے تھے، تاہم ماضی میں اس کی موجودگی انہیں غیر آرام دہ محسوس ہوتی تھی۔ اس کے باوجود سابقہ ساتھی کے مشورے پر انہوں نے اسے گھر آنے کی اجازت دے دی۔
کیرول کے مطابق چند مشروبات پینے کے بعد وہ سو گئے، تاہم بعد میں آنکھ کھلی تو ان کے بقول مذکورہ شخص بیڈ شیٹ کے نیچے ان کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی کوشش کر رہا تھا۔
اینڈی کیرول نے کہا کہ یہ واقعہ ان کے لیے انتہائی تلخ تجربہ تھا اور اس کے اثرات سے وہ آج بھی نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے واقعے کی تفصیلات اپنی کتاب میں شامل کرکے اپنے تجربے کو عوام کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔



