27ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر راستے بند،خیبرپختونخوا کا پنجاب سے زمینی رابطہ متاثر

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب سے خیبرپختونخوا جانے والے متعدد زمینی راستے بند کیے جانے سے بین الصوبائی آمدورفت متاثر ہوگئی ہے، جبکہ اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں بھی رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق احتجاج کے پیش نظر موٹرویز بند کردی گئی ہیں، جس کے باعث خیبرپختونخوا کا پنجاب سے زمینی رابطہ مختلف مقامات پر متاثر ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق موٹروے اور جی ٹی روڈ کے علاوہ کوہاٹ میں خوشحال گڑھ، ڈی آئی خان، ہری پور اور گلیات کے مقامات پر بھی پنجاب جانے والے راستے بند کیے گئے ہیں، جبکہ بعض مقامات پر کنٹینرز کھڑے کرکے ٹریفک کی روانی روک دی گئی ہے۔راستے بند ہونے کے باعث بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی ہے اور مختلف گاڑیاں لاری اڈوں پر کھڑی ہوگئی ہیں۔ پنجاب سے خیبرپختونخوا آنے والی سبزیوں، ادویات، کھانے پینے کی اشیا اور دیگر سامان کی ترسیل بھی رک گئی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر ہونے سے صوبے میں پٹرول کی ممکنہ قلت کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو اشیائے ضروریہ اور پٹرولیم مصنوعات لے جانے والی گڈز ٹرانسپورٹ کو آمدورفت کی اجازت دینی چاہیے تاکہ غذائی قلت یا دیگر مشکلات پیدا نہ ہوں۔دوسری جانب راستے بند ہونے سے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے اور بین الصوبائی سفر کرنے والے افراد کی آمدورفت محدود ہوگئی ہے۔



