اطالوی ماہرین آثار قدیمہ کی ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سے ملاقات، بھمبھور ورثہ سائٹ کے تحفظ پر اہم تبادلہ خیال

ٹھٹھہ (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان میں اطالوی آثار قدیمہ مشن کے وفد نے مشن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر لوکا ماریا اولیویری کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

وفد میں ڈاکٹر الیسنڈرو ٹیلیا بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران تاریخی بھمبھور آثار قدیمہ سائٹ پر جاری کھدائی، قدیم ورثے کے تحفظ و بحالی اور آثار قدیمہ سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اطالوی وفد نے بھمبھور میں آثار قدیمہ اور ورثے سے متعلق سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں آثار قدیمہ کے باقیات کے تحفظ، تاریخی مقام کی مناسب دیکھ بھال اور مستقبل میں تحقیق و تحفظ کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر بھمبھور کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرانے کے لیے جاری کوششوں سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے بھمبھور کے تاریخی ورثے کے تحفظ، تحقیق اور دستاویزی کام میں اطالوی آثار قدیمہ مشن کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ بھمبھور آثار قدیمہ سائٹ کے تحفظ، دیکھ بھال اور فروغ سے متعلق امور میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button