پاسپورٹ سروسز کو پاک آئی ڈی ایپ سے منسلک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) حکومت نے پاسپورٹ اپلائی کرنے کے نظام اور دیگر پاسپورٹ سروسز کو نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سینئر افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں پاسپورٹ سروسز کی فراہمی میں بہتری اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے بروقت اجرا اور درخواستوں کی پراسیسنگ بہتر بنانے سمیت مختلف اہم امور پر غور کیا گیا۔ اس دوران نادرا سینٹرز پر نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے کے نظام اور پاسپورٹ سے متعلق سہولیات کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ مربوط کرنے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ ڈیلیوری سروسز کے نظام کو مزید فعال اور تیز بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو درپیش آپریشنل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور پاسپورٹ سروسز کی فراہمی کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ، طریقہ کار کو آسان بنانے اور پاسپورٹ سروسز میں مسلسل جدت کے ذریعے شہریوں کو زیادہ مؤثر، تیز اور سہل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔



