ایشین گیمز 2026: پاکستان نے پہلا میڈل جیت لیا، عاصم خان نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایشین گیمز 2026 میں پاکستان نے پہلا میڈل حاصل کرلیا، کراچی سے تعلق رکھنے والے مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر عاصم خان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
مکسڈ مارشل آرٹس کے سیمی فائنل میں عاصم خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ایونٹ کے قوانین کے تحت وہ برانز میڈل کے حقدار قرار پائے۔ میڈل تقریب کل منعقد ہوگی۔
گیمز میں عاصم خان کے ساتھ ٹیم لیڈر کی ذمہ داریاں نبھانے والے دلاور خان نے کہا کہ عاصم خان نے پاکستان کے لیے میڈلز کا کھاتہ کھول دیا ہے اور امید ہے کہ دیگر ایونٹس میں بھی قومی کھلاڑی مزید تمغے حاصل کریں گے۔
دلاور خان کے مطابق یہ عاصم خان کا ایشین گیمز میں پہلا میڈل ہے، جبکہ وہ اس سے قبل ورلڈ برانز اور ایشین سلور میڈل بھی جیت چکے ہیں۔ عاصم خان بدھ کو کراچی واپس پہنچیں گے۔
دوسری جانب دیگر مقابلوں میں پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی ملی جلی رہی۔ 50 میٹر فری اسٹائل میں سوئمر حمزہ آصف نے اپنی ہیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی، تاہم مجموعی نتائج میں وہ 30ویں نمبر پر رہے۔
ٹرائی تھلون مکسڈ فائنل میں پاکستانی ٹیم نے 300 میٹر سوئمنگ اور 7 کلومیٹر سائیکلنگ کے مراحل مکمل کیے، تاہم علی حسن مقررہ وقت میں ریس مکمل نہ کر سکے، جس کے باعث ٹیم کا مجموعی نتیجہ این ڈی ایف قرار دیا گیا۔
کوچ عبدالغفار گجر نے ایتھلیٹس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی رینکنگ میں پاکستان 14ویں نمبر پر رہا۔
سافٹ ٹینس مکسڈ ڈبلز میں پاکستانی ٹیم کو چائنیز تائی پے، کوریا اور فلپائن کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ٹیبل ٹینس ویمنز ٹیم ایونٹ کے گروپ میچ میں پاکستان روایتی حریف بھارت سے بھی ہار گیا۔



