پٹرولیم لیوی مکمل ختم کی جائے، حافظ نعیم الرحمان

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے، ان کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام شہری کے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے پانچ دور ہو چکے ہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ لیوی وصول نہیں کی جائے گی تو پھر یہ بھی واضح کیا جائے کہ اس رقم کی کمی کیسے پوری ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے باعث 135 ارب روپے کا بوجھ عوام پر منتقل کیا گیا ہے، حکومت عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات کرے اور پٹرولیم لیوی مکمل ختم کرے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا مارچ اور احتجاجی تحریک پورے پاکستان کے عوام کے لیے ہے، جبکہ احتجاجی مارچ کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا مقصد جلاؤ گھیراؤ یا تشدد ہرگز نہیں، بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پُرامن جدوجہد کرنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔



