جنگ نہیں مذاکرات سے تنازعات حل کیے جائیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی راہ اختیار کی جائے۔
عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری تنازعات نے ثابت کردیا ہے کہ عسکری محاذ آرائی سیاسی تنازعات کا پائیدار حل نہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرکے امن کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ جنگ کے مقابلے میں مکالمہ اور تنازعات کے مقابلے میں سفارت کاری زیادہ مؤثر راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خود جنگ، دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام کے باعث بھاری جانی و معاشی نقصانات کا سامنا کرچکا ہے، اسی لیے ملک تنازعات کی تباہ کن انسانی اور معاشی قیمت کو بخوبی سمجھتا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت پر مبنی پاکستان کی مستقل پالیسی کا اظہار ہے۔
بلاول بھٹو نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر، پانی اور دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں شہری آبادی کو درپیش مسلسل مشکلات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اصولوں کا منتخب بنیادوں پر اطلاق کرکے پائیدار امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔



