پی سی بی کا انڈر 19 کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔
ملاقات کے دوران پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی نے نوجوان کرکٹرز سے انفرادی ملاقاتیں بھی کیں اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں ٹیم کی اچھی کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو مدعو کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کرکٹرز کو مزید محنت اور بہتر کارکردگی کی ترغیب دیں گے، جبکہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ دو برس کے دوران منعقد ہونے والے انڈر 19 ترقیاتی کیمپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوئے اور ان کے مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
عالیان سلمان نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کرکٹرز کا حوصلہ اور اعتماد بڑھے گا، جس سے وہ اپنی کرکٹ پر مزید توجہ دے سکیں گے۔
جہانگیر بلال کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے اہل خانہ کی مالی معاونت کے قابل بھی بنائیں گے۔
رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کرکٹرز کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔



