شہباز شریف جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر اور فلسطین پر توجہ مرکوز ہوگی، عاصم افتخار

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔
نیویارک میں وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ وزیراعظم کے خطاب میں کثیرالجہتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی اور موجودہ علاقائی و عالمی صورتحال بھی زیرِ بحث آئے گی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان پائیدار ترقی، انسداد دہشت گردی، اسلاموفوبیا، عالمی اقتصادی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش مسائل پر بھی اپنا مؤقف پیش کرے گا۔
سفیر عاصم افتخار احمد کے مطابق وزیراعظم اپنے دورۂ نیویارک کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ وزیراعظم اور ایپل کے ایگزیکٹو چیئرمین ٹم کک کے درمیان ملاقات کا انتظام کرنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور پُرامن ذرائع کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف بھی پیش کریں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی نیویارک پہنچ چکے ہیں اور جنرل اسمبلی کے موقع پر مختلف وزرائے خارجہ اور حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وہ کشمیر اور فلسطین سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار او آئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ سمیت فلسطین سے متعلق متعدد اجلاسوں میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، جبکہ وزیراعظم کے دورے کے دوران عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔



