ٹرمپ نے کیمپ ڈیوڈ کا قیام مقررہ وقت سے پہلے ختم کردیا، وائٹ ہاؤس واپس پہنچ گئے

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیمپ ڈیوڈ میں اپنا قیام مقررہ وقت سے قبل ختم کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس واپسی اختیار کرلی۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی انتظامیہ کی جانب سے صدر ٹرمپ کے کیمپ ڈیوڈ میں قیام مختصر کرنے کی کوئی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی گئی۔ ٹرمپ اتوار کو طے شدہ شیڈول سے پہلے کیمپ ڈیوڈ سے روانہ ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کے ہفتہ وار تعطیلات کے دوران سفری پروگرام میں تبدیلی معمول کی بات ہے، جبکہ اس بار موسم بھی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ کیمپ ڈیوڈ کے پہاڑی علاقے میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کے لیے سفری اور حفاظتی انتباہ بھی جاری کیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق خطے میں موجود امریکی شہری محتاط رہیں اور ممکنہ طور پر فضائی حدود کی بندش یا پروازوں کی منسوخی کے پیش نظر اپنے سفری منصوبوں پر نظرثانی کریں۔
انتباہ میں سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافے کے امکان کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔



