مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، امریکا کا شہریوں کو سفری منصوبوں پر نظرثانی کا مشورہ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کو خطے کا سفر کرنے سے قبل صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خطے میں موجود امریکی شہریوں کو انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر فضائی حدود بند ہونے اور پروازیں منسوخ ہونے کے پیش نظر اپنے سفری منصوبوں پر نظرثانی کی جائے۔
امریکی حکام کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث خطے میں سفری مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں، اس لیے شہری کسی بھی سفر سے قبل تازہ ترین صورتحال اور متعلقہ سفری ہدایات کو مدنظر رکھیں۔
دوسری جانب عراق میں قائم امریکی سفارتخانے نے بھی خطے میں موجود امریکی شہریوں کے لیے احتیاطی انتباہ جاری کیا ہے۔ سفارتخانے کے مطابق کشیدگی میں اضافے کی صورت میں فضائی حدود بند ہونے اور پروازوں کی منسوخی کا امکان موجود ہے۔
امریکی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سفری منصوبوں میں ممکنہ تبدیلی کے لیے تیار رہیں۔



