خدمت کا جذبہ جاری رہے گا، جھکنے، بھاگنے اور بکنے والے نہیں، حنیف عباسی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی مسائل کے حل کا سلسلہ جاری رہے گا۔

راولپنڈی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں راولپنڈی کی تینوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کے ترقیاتی کاموں کو عوام سراہتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو پانی، سیوریج، گلیوں اور دیگر بنیادی مسائل کے حل پر توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے اجتماع میں پیش کیے گئے عوامی مطالبات پورے کرنے کا بھی اعلان کیا۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں متعدد میگا پراجیکٹس مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مکمل کرائے۔ ان کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیم نواز شریف نے دیا، جبکہ کھیلوں کے میدان، ہسپتال اور تعلیمی ادارے شہباز شریف کے دور میں بنائے گئے۔ گرین بسیں، سڑکیں، گلیاں، ہسپتال اور دیگر منصوبے مریم نواز کی جانب سے دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد ان کی خدمت کا عکاس ہے اور آئندہ بھی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ وہ مشکلات سے گھبرانے والے نہیں، ماضی میں جیلیں کاٹیں اور سخت حالات کا سامنا کیا لیکن پاکستان کے خلاف نہیں گئے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان سب سے مقدم ہے، کوئی دولت یا فیکٹری ملک سے بڑی نہیں ہوسکتی۔

مزید خبریں

Back to top button