اسحاق ڈار جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے نیویارک روانہ ہوگئے، جہاں وہ 21 سے 25 ستمبر تک وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مختلف سفارتی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطحی ہفتے کے دوران اسحاق ڈار کا پروگرام مختلف اہم اجلاسوں اور دوطرفہ ملاقاتوں پر مشتمل ہوگا۔ وہ وزیراعظم کے ہمراہ کشمیر کے معاملے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔

اسحاق ڈار او آئی سی وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس سمیت متعدد وزارتی اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے۔ فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کی حمایت کے اظہار کے طور پر وہ فلسطین کے معاملے پر ہونے والے مختلف اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے، جن میں آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے گروپ کا اجلاس اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کا اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس شامل ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم مصنوعی ذہانت کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطحی بریفنگ سے خطاب کریں گے، جبکہ وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری اور ردعمل سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار مختلف ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ دیگر اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں بھی شریک ہوں گے۔ ان سفارتی سرگرمیوں میں علاقائی و عالمی امن، استحکام اور اہم بین الاقوامی چیلنجز پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button